زر مبادلہ ذخائر 21 ارب ڈالر

زر مبادلہ ذخائر 21 ارب ڈالر

اسلام آباد (آن لائن،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 13 فروری 2026ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 19 ملین ڈالر کا اضافہ ،حجم 21 ارب 30 کروڑ 15 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر 16 ارب 19 کروڑ 69 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5 ارب 10 کروڑ 46 لاکھ ڈالر ہیں،اسی طرح مجموعی زر مبادلہ کے سیال ذخائر 21 ارب 30 کروڑ 15 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق زر مبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ ملکی مالی استحکام اور معیشت میں اعتماد کی علامت ہے ۔دوسری طرف سٹیٹ بینک کے جاری اعدادوشمارکے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سمندرپارپاکستانیوں نے ستمبر 2020ء سے جنوری 2026ء تک 9 لاکھ 1 ہزار 764 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے اور 65 ماہ میں 11 ارب 92 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ارسال کئے ، جنوری 2026ء تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں واجب الادا ڈپازٹس 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ہیں۔ اعدادوشمارکے مطابق جنوری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے سرمایہ کاری کاحجم 72ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ سمندرپارپاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے نیاپاکستان روایتی سرٹیفکیٹس میں 518ملین ڈالر،نیاپاکستان اسلامی سرٹیفکیٹس میں 1 ارب 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالر اورسٹاک ایکسچینج میں 114ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں