اسٹاک ایکسچینج : مندی برقرار، 160 ارب مزید ڈوب گئے

 اسٹاک ایکسچینج : مندی برقرار، 160 ارب مزید ڈوب گئے

منافع خوری کا رجحان،1432 پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 166258 پر بند

کراچی(بزنس رپورٹر)پاک افغان کشیدگی ، امریکا ایران کے مابین جاری تنازع،بیرونی سرمایہ کاری کا مسلسل انخلاء، بھاری لیورج ادائیگیاں ، امن و امان کی خراب صورتحال اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی شدید مندی میں مبتلا کر گئی۔ دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس کی 1لاکھ 67ہزار کی سطح بھی گرگئی ، مندی کے سبب 60فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 60اربروپے ڈوب گئے۔

کاروباری دورانیے کے آغاز میں 1546پوائنٹس کی تیزی سے بینچ مارک 100انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی تھی لیکن رول اوور ویک سے پرافٹ ٹیکنگ کیلئے حصص کی آف لوڈنگ سے جاری محدود نوعیت کی تیزی بھی مندی میں تبدیل ہوگئی ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1432 پوائنٹس کی کمی سے 166258 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔ گزشتہ روز 68کروڑ 79لاکھ 62ہزار 358 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طورپر 487 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 139 کمپنیوں حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 292 میں کمی اور 56 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں