خطے میں جنگ معیشت کیلئے بڑا خطرہ ، میاں زاہد
کراچی (این این آئی) آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے فوجی تنازع پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
میاں زاہد نے خبردار کیا کہ یہ بڑھتی ہوئی جنگ پورے خطے اور پاکستان کے لیے سنگین اقتصادی اور سلامتی کے مضمرات کی حامل ہے ۔ملکی معیشت جو ایک نازک میکرو اکنامک بحالی سے گزر رہی ہے ، اس کیلئے خطرات میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے ۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایرانی افواج نے اپنے زیر کنٹرول ایک اہم سمندری گزرگاہ، آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز کے فورا بعد برینٹ کروڈ کی قیمتوں میں تقریبا 13 فیصد اضافہ ہوا ہے ، جو 12 ماہ کی بلند ترین سطح 80 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا ہے جبکہ جنگ کے طویل ہونے سے پٹرولیم کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔