موبی لنک بینک اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ میں شراکت داری

موبی لنک بینک اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ میں شراکت داری

چھوٹے کاروبار کو ایک ارب روپے تک آسان قرضوں کی فراہمی ممکن ہوگی

کراچی(بزنس ڈیسک)موبی لنک بینک نے حکومت سندھ کے ذیلی ادارہ، سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (ایس ای ڈی ایف)کے ساتھ 5سالہ شراکت داری کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد یہ ہے کہ صوبے میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو منظم انداز سے فنانس کی رسائی ترجیحی طور پر بڑھائی جائے۔ اس اشتراک کے تحت ایک ارب روپے تک کے قرضے موبی لنک بینک کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے جبکہ ایس ای ڈی ایف مارک اپ سبسڈی کے ذریعے سرمایہ کی لاگت کم کرنے میں معاونت کرے گا تاکہ کاروباری افراد زیادہ آسانی سے سرمایہ حاصل کر سکیں اور صوبے بھر میں پائیدار معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔

موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ چھوٹے کاروبار پاکستان کی حقیقی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، یہ کاروبار روزگار پیدا کرتے ہیں، مقامی برادریوں کو متحرک رکھتے ہیں اور علاقائی ویلیو چینز کو مضبوط بناتے ہیں، مگر اس کے باوجود بہت سے کاروباری افراد کو سستی فنانسنگ کی آسان سہولت میسر نہیں۔ سندھ حکومت کے محکمہ سرمایہ کاری کے سیکریٹری زبیر احمد چنہ نے زور دیا کہ حکومت صوبے بھر میں پیداواری شعبوں کی معاونت کیلئے مضبوط اور مؤثر مالیاتی نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے ۔یہ شراکت داری موبی لنک بینک کے اس پختہ عزم کا اظہار ہے کہ وہ سرکاری پالیسی معاونت کو نجی شعبے کی مؤثر اور تیز رفتار کارکردگی کے ساتھ ہم آہنگ کر کے پاکستان کے ابھرتے ہوئے معاشی خطوں میں ہمہ گیر ترقی، پائیدار استحکام اور کاروباری مواقع کو فروغ دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں