اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے میں شدید منفی رجحان رہا
مشرقِ وسطیٰ صورتحال، عالمی سطح پربڑھتے خدشات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد شدید متاثر انڈیکس 10ہزار 566 پوائنٹس گر گیا، 1لاکھ 57ہزار496پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا
کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتہ شدید مندی اور غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے ساتھ ختم ہوا، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی جنگی صورتحال اور عالمی سطح پر بڑھتے خدشات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا، اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس پورے ہفتے شدید دباؤ کا شکار رہا اور مجموعی طور پر 10 ہزار 566 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی، جب پہلے روز انڈیکس میں 16 ہزار 89 پوائنٹس کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی، جس نے سرمایہ کاروں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا، ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 6.3 فیصد کمی کے بعد 1 لاکھ 57 ہزار496 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جو مارکیٹ کے لیے ایک کمزور رجحان کی نشاندہی کرتا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 61 ہزار 476 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 51 ہزار 258 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر 181 ارب روپے مالیت کے 3 ارب 28 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہواشدید مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حالات میں بہتری نہ آئی تو آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور مندی کا رجحان برقرار رہنے کا قوی امکان ہے۔