سندھ میں تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس لازمی قرار دینے کی منظوری
گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کیلئے انشورنس پالیسی ضروری
کراچی (کامرس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے گاڑیوں کی انشورنس پر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبہ سندھ میں موٹر وہیکل قوانین کے تحت تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کو لازمی قرار دینے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے انشورنس پالیسی لازمی ہوگی۔ نئے فیصلے کے تحت سندھ میں کسی بھی گاڑی کی رجسٹریشن اس وقت تک نہیں ہو سکے گی جب تک اس کی تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس نہ کرائی جائے ۔ اسی طرح گاڑی کی ملکیت کی منتقلی اور سالانہ ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے بھی انشورنس پالیسی کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے ، کمیشن کے مطابق اس نظام کے تحت سڑک حادثے کی صورت میں اگر کسی شخص کی جان ضائع ہونے پرمتاثرہ خاندان کو 7 لاکھ جبکہ مستقل معذوری پر5 لاکھ روپے تک مالی امداد کی جائیگی، اس اقدام سے حادثات کے متاثرین کو فوری مالی سہارا ملے گا، ایس ای سی پی کے مطابق تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کی پالیسیوں کی تصدیق کے لیے ایک آن لائن ڈیٹا بیس بھی تیار کر لیا گیا ہے جس کے ذریعے متعلقہ ادارے انشورنس پالیسی کی تصدیق فوری طور پر کرسکیں گے، ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں انشورنس کے فروغ، حادثات کے متاثرین کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر بہتر عملدرآمد کیلئے اہم پیشرفت ہو سکتی ہے۔