پٹرولیم ڈیلرز کا 25روپے لٹر مارجن مقرر کرنے کا مطالبہ

پٹرولیم ڈیلرز کا 25روپے لٹر مارجن مقرر کرنے کا مطالبہ

مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پمپس26مارچ سے بند رہیں گے ، عبد السمیع خان

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے فی لٹر پٹرول پر مجموعی طور پر 25 روپے مارجن مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر کے پٹرول پمپس 26 مارچ سے غیر معینہ مدت تک بند کر دیے جائیں گے ۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین عبد السمیع خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں پٹرولیم ڈیلرز کیلئے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ فی لٹر پٹرول کی قیمت 321 روپے ہونے کے باوجود ڈیلرز کو صرف 8 روپے 64 پیسے مارجن مل رہا ہے جبکہ اس میں سے بھی 1 روپے 68 پیسے کا مارجن روک لیا گیا ہے جس سے ڈیلرز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔وائس چیئرمین اور دیگر عہدیداران نے الزام لگایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کوٹہ فکس کر کے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل محدود کر دی ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس پر سپلائی متاثر ہو رہی ہے اور کئی پمپس خالی ہونے لگے ہیں۔ ڈیلرز نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی اور دیگر ٹیکسز میں اچانک اضافے کو بھی مسترد کرتے ہیں کیونکہ اس سے کاروباری ماحول مزید خراب ہو رہا ہے ،حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا واضح حساب دینا چاہیے ۔ملک بھر کے پٹرولیم ڈیلرز کی نمائندہ تنظیم کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ فی لٹر پٹرول پر مجموعی طور پر 25 روپے مارجن مقرر کیا جائے ۔ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما اور وائس چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ ڈیلرز کی جانب سے گزشتہ 13 دنوں میں حکومت کو متعدد خطوط ارسال کیے گئے مگر اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں