جاز کی 2025میں 58.676 ارب روپے کی سرمایہ کاری

جاز کی 2025میں 58.676 ارب روپے کی سرمایہ کاری

کمپنی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مشتمل جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دے رہی

اسلام آباد(بزنس ڈیسک)جازنے مالی سال 2025 کے دوران نیٹ ورک کی صلاحیت میں اضافے ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مضبوط بنانے اور خود کو ایک نمایاں مربوط ڈیجیٹل سروس کمپنیجاز ورلڈمیں تبدیل کرنے کے عمل کو تیز کرنے کیلئے 58.676 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔ اس وژن کے تحت کمپنی کنکٹیوٹی، فن ٹیک، انٹرٹینمنٹ، انشورنس اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مشتمل ایک جامع ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دے رہی ہے ۔ یہ سرمایہ کاری کنکٹیوٹی کو بہتر بنانے ، ڈیجیٹل سروسز کے دائرہ کار کو بڑھانے اور صارفین کے تجربے اور آپریشنز میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنے پر مرکوز رہی، جو کمپنی کی AI1440 (آگمینٹڈ انٹیلی جنس) حکمت عملی کے مطابق پاکستان میں 100 ملین سے زائد صارفین کی خدمت کے لیے ترتیب دی گئی ہے ۔جاز نے سال کا اختتام مضبوط مالی کارکردگی کے ساتھ کیا۔

چوتھی سہ ماہی میں مجموعی آمدنی میں سالانہ24.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مالی سال 2025 کے دوران آمدنی میں 18.6 فیصد اضافہ ہوا۔یہ اضافہ بنڈل آفرز کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی آمدنی میں بڑھتے ہوئے حصے کے باعث ممکن ہوا۔ٹیلی کام اور انفرااسٹرکچر سروسز سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سالانہ17.7 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجوہات میں موبائل صارفین کی تعداد میں 3.3 فیصد اضافہ اور ARPU میں 21.3 فیصد اضافہ شامل ہیں۔چوتھی سہ ماہی 2025 میں ڈیجیٹل آمدنی میں سال بہ سال 43.7 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی آمدنی میں اس کا حصہ بڑھ کر 30.2 فیصد ہو گیا، جو کہ چوتھی سہ ماہی 2024 میں 26.1 فیصد تھا۔

جازکیش نے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اپنی قیادت برقرار رکھی اور اس کے صارفین کی تعداد 58 ملین سے تجاوز کر گئی جبکہ 2025 کے دوران مجموعی لین دین کی مالیت 15 ٹریلین روپے سے بڑھ گئی۔ ایک ملین سے زائد مرچنٹس اور ایجنٹس کے ساتھ یہ پلیٹ فارم راست ادائیگی نظام کے مجموعی لین دین میں نمایاں حصہ ڈال رہا ہے ۔جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ ہماری کارکردگی پاکستان کی صفِ اول انٹیگریٹڈ ڈیجیٹل سروس کمپنی جاز ورلڈ میں ہماری تبدیلی کی رفتار کو ظاہر کرتی ہے ۔ ہماری AI1440 حکمت عملی کے تحت ہم اپنے پلیٹ فارمز میں ڈیجیٹل صلاحیتوں اور مصنوعی ذہانت کو شامل کر رہے ہیں تاکہ 100 ملین سے زائد صارفین کے لیے زیادہ بہتر، سمارٹ اور جامع ڈیجیٹل تجربات فراہم کیے جا سکیں۔ نیٹ ورک انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری، حالیہ اسپیکٹرم نیلامی میں حاصل کردہ اضافی اسپیکٹرم اور آئندہ تین سالوں میں 1 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری ہمارے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنائے گی اور مرحلہ وار فائیو جی کے آغاز کی تیاری میں مدد دے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں