اسٹاک ایکسچینج:مندی،انڈیکس 4,687پوائنٹس گنوابیٹھا

اسٹاک ایکسچینج:مندی،انڈیکس 4,687پوائنٹس گنوابیٹھا

مارکیٹ مسلسل دباؤ کا شکار ،سرمایہ کارمحتاط،100انڈیکس 149,178 پر بند ہوا 474 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ، 90میں اضافہ ، 324 کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا آغازمنفی زون میں ہوا جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس میں 4ہزار600 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 153,943 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح پر جاپہنچا، بعدازاں مارکیٹ تیزی برقرار نہ رکھ سکی۔دوپہر کے بعد حصص کی فروخت کے دباؤ میں شدت آ گئی جس نے انڈیکس کو تیزی سے نیچے دھکیل دیا اور یہ دورانِ ٹریڈنگ 148,747 پوائنٹس کی دن کی کم ترین سطح تک گرگیا۔کاروبار کے اختتامی لمحات میں معمولی ریکوری دیکھی گئی لیکن اس کے باوجود بینچ مارک انڈیکس نمایاں طور پر منفی زون میں ہی رہا۔کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 4,687.50 پوائنٹس یا 3.05 فیصد کی کمی سے 149,178.66 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کا کہنا ہے کہ کاروباری دن کے دوران مارکیٹ مسلسل دباؤ کا شکار رہی اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں جاری اتار چڑھاؤ کے باعث سرمایہ کاروں کے محتاط رویہ اپنانے کی وجہ سے انڈیکس زیادہ تر منفی زون میں ہی رہا۔ حصص کی مالیت بڑھ کر 20.19 ارب روپے ہوگئی۔مجموعی طور پر 474 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 90 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 324 میں کمی اور 60 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں