کارگو پر ایڈہاک چارجزغیر منصفانہ،حکومت نوٹس لے ،وفاقی چیمبر
برآمدکنندگان پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ، اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے ، ثاقب فیاض
کراچی(بزنس ڈیسک)چیئرمین بزنس مین پینل پروگریسیو اور وفاقی چیمبرکے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے جیریز ڈیناٹا کی جانب سے برآمدی کارگو پر فی کلوگرام 50 روپے (ٹیکس کے علاوہ) ایڈہاک چارج عائد کرنے کے فیصلے کو برآمدی شعبے کیلئے غیر منصفانہ بوجھ قرار دیتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبہ پہلے ہی معاشی بحران اور فریٹ ریٹس کی بلند ترین سطح کے باعث شدید دباؤ میں ہے ، ایسے میں اچانک اضافی ہینڈلنگ چارجز کا نفاذملکی مصنوعات کی عالمی مارکیٹوں میں مسابقت کو براہِ راست متاثر کریگا ۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل فریٹ فاروڈرز اور دی ایئر کارگو ایجنٹس ایسوسی ایشن سمیت متعلقہ اداروں نے بھی اس فیصلے پر سخت تحفظات ظاہر کیے ہیں کیونکہ پاکستان میں فضائی کارگو ہینڈلنگ کا بڑا حصہ جیریز ڈیناٹا کے ویئرہاؤسز کے ذریعے ہوتا ہے جس کے باعث برآمدکنندگان کے پاس متبادل آپشن نہ ہونے کے برابر ہیں ،ایسی صورتحال میں برآمدکنندگان کو مجبوری میں یہ اضافی لاگت برداشت کرنا پڑے گی جس سے برآمدات متاثر ہوں گی جو بروقت ترسیل کیلئے فضائی فریٹ پر انحصار کرتی ہیں ۔