موبی لنک بینک اور ایچ بی ایل زرعی سروسز کے درمیان معاہدہ
کراچی (بزنس ڈیسک)موبی لنک بینک نے ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔
اس شراکت داری کا مقصدزرخیزی آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ اسکیم کے تحت کسانوں کو زرعی قرضوں کی دستیابی اور آسان رسائی کو وسعت دینا ہے ۔ اشتراک کے تحت موبی لنک بینک ملک بھر کے کسانوں کو زرعی اجناس اور سہولیات کی فراہمی کیلئے قرضے فراہم کرے گا ۔ ایچ بی ایل زرعی سروسز کے اشتراک سے بینک قرضوں کو ضروری زرعی وسائل اور خدمات سے منسلک کرے گا، اس کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع سے فنانسنگ کے عمل کو تیز تر اور آسان بنایا جائے گا، تاکہ ادائیگیوں اور لین دین کا نظام مزید مؤثر ہو سکے ۔دوسری جانب ایچ بی ایل زرعی سروسز ایک مستند زرعی ادارے کی حیثیت سے کسانوں کو معیاری زرعی وسائل، مسلسل رہنمائی، بوقت ضرورت مشینری کے استعمال کی سہولت اور فصل کی بہتر فروخت کے منظم مواقع فراہم کرے گا۔ موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او حارث محمود چوہدری نے کہا کہ موبی لنک بینک ہمیشہ عملی اور مؤثر طریقوں سے مالی سہولیات کو فروغ دینے کے لیے کوشاں رہا ہے ۔ ایچ بی ایل زرعی سروسز کے ساتھ یہ اشتراک زرعی مالی معاونت کو ایک مربوط شکل دے گا جس سے قرضوں کو زرعی وسائل، زرعی رہنمائی اور منڈی تک رسائی سے جوڑا جا سکے گا۔ ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر عزیز نے کہا کہ موبی لنک بینک کے ساتھ یہ اشتراک زرعی مالی معاونت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔