اسٹاک ایکسچینج ، مندی برقرار، انڈیکس 1085 پوائنٹس گرگیا

 اسٹاک ایکسچینج ، مندی برقرار، انڈیکس 1085 پوائنٹس گرگیا

حصص کی آف لوڈنگ ،انڈیکس 168412پوائنٹس پربند،1.91ارب خسارہ 1ارب 19کروڑ 3لاکھ حصص کے سودے طے ،کاروباری حجم 53فیصد زائد رہا

کراچی(بزنس رپورٹر )مشرق وسطی کشیدگی برقرار رہنے سے توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اسٹیٹ بینک کی شرح سود میں ایک فیصد کے اضافے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 59 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 91کروڑ 68لاکھ 43ہزار 193روپے ڈوب گئے۔ امریکا ایران کشیدگی برقرار رہنے سے خام تیل کی عالمی قیمت 100ڈالر سے بھی متجاوز ہوگئی ہے جو پاکستان سمیت دنیا بھر کی معیشتوں کی بقاء خطرات سے دوچار کر رہی ہیں اور اس کے منفی اثرات کیپیٹل مارکیٹس پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔

دوسری جانب انوسٹرز نے تازہ سرمایہ کاری کے بجائے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جس سے ایک موقع پر 1327پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1085.12پوائنٹس کی کمی سے 168412.23 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 418.65پوائنٹس کی کمی سے 50990.49پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 498.14 پوائنٹس کی کمی سے 100841.15پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 53 فیصد زائد رہا۔گزشتہ روز 1ارب 19کروڑ 03لاکھ 38ہزار 908 حصص کے سودے ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں