ہائبرڈ سکوک نیلامی ،حکومت نے 114ارب اکٹھے کرلئے

ہائبرڈ سکوک نیلامی ،حکومت نے 114ارب اکٹھے کرلئے

سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت ، بولیاں 354.395ارب تک پہنچ گئیں

کراچی(بزنس ڈیسک)حکومتِ پاکستان نے ہائبرڈ سکوک کی تیسری نیلامی کے ذریعے 114.347ارب روپے حاصل کیے جواس مہینے میں اس نوعیت کا دوسرا اجراء ہے ۔ یہ پیش رفت شریعہ کمپلائنٹ کے مطابق سرمایہ کاری کے ذرائع میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی عکاسی ہے ۔ میزان بینک نے اس ٹرانزیکشن میں جوائنٹ فنانشل ایڈوائزرکے طورپر سکوک کی اسٹرکچرنگ اور اجراء میں کلیدی کردار اداکیا۔ بینک کی شمولیت پاکستان کی اسلامک کیپٹل مارکیٹس میں اس کی مسلسل قیادت اورحکومت کی جانب سے مالی وسائل کے اقدامات میں اس کے کردارکی عکاسی کرتی ہے ۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے منعقد کی گئی نیلامی میں سرمایہ کاروں نے بھر پور شرکت کی اور مجموعی بولیاں 354.395ارب روپے (فیس ویلیو) تک پہنچ گئیں، جن کی حقیقی مالیت 344.716ارب روپے رہی جو مضبوط طلب کی عکاسی ہے۔

نیلامی کے نتائج کے مطابق ایک سالہ فکسڈ ریٹ (رعایتی) سکوک کیلئے کٹ آف ییلڈ 12فیصد مقرر کی گئی جو گزشتہ لیول کے مقابلہ میں 20بیسس پوائنٹ زیادہ ہے ۔ طویل مدّت کیلئے 10سالہ ویری ایبل رینٹ ریٹ (وی آر آر)سکوک کی شرح 11.7568 فیصد رکھی گئی جو 11.3685فیصد کے ریفرنس ریٹ کے مقابلے میں 38.83بیسس پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ مقرر کی گئی۔ مارکیٹ ماہرین کے مطابق اس سکوک کی بھرپور پذیرائی کی اہم وجوہات میں بہتر ہوئی لیکویڈیٹی صورتحال اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی شریعہ کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقعوں خاص طورپر متنوع منافع کے اسٹرکچر پیش کرنے والے سکوک میں مسلسل دلچسپی شامل ہے ۔ ہائبرڈ سکوک میں فکسڈ اور فلوٹنگ دونوں نوعیت کے ریٹرن شامل ہوتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں