جے ایس بینک کے مجموعی اثاثے 682.877ارب ریکارڈ
توجہ کم لاگت والے مضبوط ڈپازٹ مکس کو برقرار رکھنے پر مرکوز،باصر شمسی
کراچی (بزنس ڈیسک) جے ایس بینک لمیٹڈ نے پہلی سہ ماہی کیلئے مالی نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق بینک کو قبل از ٹیکس منافع کی مد میں2.175 ارب پاکستانی روپے اور بعد از ٹیکس منافع کی مد میں 1.045 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں ۔ اس طرح فی حصص آمدنی 0.51 روپے رہی۔جے ایس بینک کی بیلنس شیٹ میں درمیانے درجہ کااضافہ دیکھا گیا جس میں کل اثاثے 682.877 ارب روپے رپورٹ کیے گئے جو دسمبر2025ء کے مقابلے میں 4 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
کل اثاثوں میں یہ اضافہ بنیادی طور پر سرمایہ کاری کی مد میں ہوا جو دسمبر2025ء کے مقابلے میں خالص بنیاد پر 89.076 ارب روپے بڑھ گئی۔ بینک کے ڈپازٹس کی بنیاد مستحکم رہی اور 544.898 ارب روپے تک پہنچ گئے۔ بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر باصر شمسی نے کہاکہ جے ایس بینک اُن شعبوں میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے جو حقیقی معاشی ترقی کو فروغ دیتے ہیں، ہماری توجہ کم لاگت والے مضبوط ڈپازٹ مکس کو برقرار رکھنے پر مرکوز ہے۔