وزیر اعظم اور کراچی کی تاجر برادری میں مشاورتی اجلاس
بجٹ میں برآمدی شعبے کو ریلیف کی یقین دہانی،ای وی پر جامع پالیسی کی ہدایت امریکا ایران کشیدگی کے بجٹ پر منفی اثرات پڑ سکتے ،صدر کراچی چیمبر ریحان حنیف
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)وزیر اعظم شہباز شریف اور کراچی کی تاجر برادری کے درمیان وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں کاروباری طبقے کو درپیش مسائل، برآمدات کے فروغ اور آئندہ مالی سال کی پالیسیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی چیمبرکے صدر ریحان حنیف نے تاجروں کے مؤقف اور تجاویز وزیر اعظم کے سامنے پیش کیں۔ کراچی چیمبر کے صدر ریحان حنیف نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ بجٹ میں برآمدی شعبے کو لازمی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ریحان حنیف کے مطابق اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کی درآمدات کے باعث قیمتی زرمبادلہ کے بیرون ملک جانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم کے تحت مبینہ بے ضابطگیوں اور خرد برد کے معاملات پر بھی حکومت نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے ۔صدر کراچی چیمبر نے خبردار کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اورممکنہ جنگی صورتحال کے منفی اثرات پاکستان کے بجٹ پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔