اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس میں 2فیصد تنزلی

اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس میں 2فیصد تنزلی

فروخت کے دباؤ، سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث مندی کا رجحان غالب ایک ہفتے کے دوران 100انڈیکس میں 3ہزار 484پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران فروخت کے دباؤ اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث مندی کا رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3 ہزار 484 پوائنٹس کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس تقریباً 2 فیصد تنزلی کے بعد 170 ہزار 478 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای-100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 174 ہزار 172 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی جبکہ ہفتے کے دوران کم ترین سطح 169 ہزار 790 پوائنٹس رہی، جو سرمایہ کاروں کے غیر یقینی رویے اور منافع کے حصول کی سرگرمیوں کی عکاسی ہے ، کاروباری حجم کے اعتبار سے بھی مارکیٹ میں سرگرمی نمایاں رہی۔ ہفتے کے دوران 3 ارب 11 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 136 ارب روپے رہی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ کاروباری حجم مضبوط رہا، تاہم فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کی مجموعی سمت کو منفی رکھا، ہفتہ وار بنیادوں پر مارکیٹ کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 237 ارب روپے کم ہو کر 18 ہزار 928 ارب روپے رہ گئی، جس سے سرمایہ کاروں کی دولت میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی، اسٹاک ماہرین کے مطابق حالیہ مندی کے پس منظر میں بجٹ سے متعلق غیر یقینی صورتحال، معاشی پالیسیوں کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے تحفظات اور بعض بڑے شعبوں میں منافع کے حصول کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں