آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ

جون میں فروخت 20فیصد کمی سے 12لاکھ 60ہزار ٹن رہی،رپورٹ

کراچی(بزنس رپورٹر)پٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں، سرحد پار ڈیزل کی اسمگلنگ اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی تازہ رپورٹ کے مطابق جون 2026ء کے دوران ملک بھر کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مجموعی فروخت سالانہ بنیادوں پر 20 فیصد کمی کے بعد 12 لاکھ 60 ہزار ٹن رہی ۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 کے اختتام پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مجموعی فروخت ایک کروڑ 62 لاکھ ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً بغیر کسی نمایاں تبدیلی کے برقرار رہی تاہم سال کے آخری مہینوں میں فروخت پر دباؤ میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ پٹرول کی فروخت 11 فیصد کم رہی، اسی طرح فرنس آئل کی فروخت بھی ایک سال کے دوران 20 فیصد گھٹ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل کی مجموعی فروخت بھی جون کے دوران سالانہ بنیاد پر 20 فیصد کم ہو گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں