وزیراعظم کل سے ایران اور ترکیہ کے دورے پر روانہ ہونگے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف جمعے سے اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کا آغاز ایران سے کریں گے جہاں وہ مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریبات میں شرکت کریں گے، ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے ملاقات کے دوران حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور اس غم کی گھڑی میں برادر ملک ایران کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔

ایران کے دورے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول روانہ ہوں گے جہاں وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقاتوں میں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی جبکہ علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

استنبول میں قیام کے دوران وزیراعظم پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی ایک بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس کا مقصد خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی تجارتی اور سرمایہ کاری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام، معزز شخصیات اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا ایران اور ترکیہ کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں