لبنان اور شام کے درمیان عدم مداخلت کا معاہدہ طے پا گیا

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان اور شام کے درمیان عدم مداخلت کا معاہدہ طے پا گیا، جس پر بیروت میں لبنانی وزیراعظم اور شامی وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔

عرب میڈیا کے مطابق معاہدے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کا احترام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک پر جاری اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون نے کہا ہے کہ مجوزہ فریم ورک لبنانی عوام کے حقوق اور قومی مؤقف سے متصادم نہیں بلکہ اس کے ذریعے عوام کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

صدر جوزف عون کا کہنا تھا کہ موجودہ نازک مرحلے میں کسی حل تک پہنچنے کے لیے امریکی حمایت لبنان کے مفاد میں ہے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ لبنان جنگوں اور بیرونی سرپرستی کے دور سے نکلے۔

لبنانی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لبنان اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑے گا، جبکہ جنوبی لبنان کے شہری بھی اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لبنان کو قانون اور طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کی بنیاد پر ہی پرکھا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں