ایف بی آر نے تاریخی ریونیو ہدف حاصل کیا، اصلاحات کا عمل مزید تیز ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسران سے ملاقات میں مالی سال 2025-26 کے دوران 12.957 کھرب روپے کے محصولات کا ہدف عبور کرنے پر افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ملکی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کے تمام افسران اور عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں تقریباً 600 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے کاروباری برادری کو سہولت ملی اور برآمدات کے فروغ میں مدد حاصل ہوئی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز رواں مالی سال 15 کھرب روپے سے زائد محصولات کا ہدف بھی حاصل کریں گی۔

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، معاشی ٹیم اور ایف بی آر افسران کی خدمات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے سمگلنگ کی روک تھام اور ایف بی آر افسران کو سکیورٹی فراہم کرنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران ایف بی آر میں اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور مؤثر ٹیم ورک کی بدولت ریکارڈ محصولات اکٹھے کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اسی لیے وہ خود ہر ماہ دو مرتبہ جائزہ اجلاسوں کی صدارت کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر اور گلگت کی ترقی، عوامی فلاح کیلئے تمام اقدامات کرینگے: وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ادارے میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محصولات کے حصول کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان، کاروباری اور صنعتی برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے، جبکہ ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل ڈیجیٹل اور کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی فیس لیس ٹیکس نظام پر استوار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاق اور صوبوں کے درمیان این ایف سی معاہدہ ازسرنو دیکھا جائے: عالمی بینک

وزیراعظم نے پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کی ترقی اور سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

ملاقات کے دوران ایف بی آر حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 میں 528 ارب روپے جبکہ لاہور لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے 261 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایئرپورٹس پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولیوں میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں