مفتاح اسماعیل کی صوبائی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی تجویز

کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے صوبائی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی تجویز اور وفاق کو ایک ہزار ارب روپے گرانٹ دینے کا مطالبہ کر دیا۔

 پروگرام ’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو ان کا مالی حصہ مکمل ایمانداری سے ملنا چاہیے۔

انہوں نے تجویز دی کہ چاروں صوبے آئندہ مالی سال میں تقریباً 1800 ارب روپے سرپلس پیدا کریں اور اس میں سے ایک ہزار ارب روپے وفاق کو گرانٹ کے طور پر دیں تاکہ وفاقی مالی خسارہ کم کیا جا سکے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال چاروں صوبوں نے مجموعی طور پر 1700 ارب روپے کا سرپلس دیا جب کہ دوسری جانب وفاق شدید مالی خسارے کا شکار ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا وفاق کی آمدن کا تقریباً آدھا حصہ صوبوں کو منتقل ہو جاتا ہے، اس لیے مالیاتی توازن کے لیے نئے طریقہ کار پر غور ضروری ہے۔

انہوں نے پنجاب کے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسے مکمل طور پر ’ ٹیکس فری بجٹ ‘ قرار دینا درست نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں