جوا ایپس پروموشن کیس: عروب جتوئی کی قبل از گرفتاری ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری

لاہور: (دنیا نیوز) جوا ایپس پروموشن کیس میں یوٹیوبر عروب جتوئی کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

ملزمہ کی جانب سے ایڈووکیٹ عثمان لطیف، ایڈووکیٹ برھان الدین، بیرسٹر امرت شیخ، ایڈووکیٹ آفتاب ظفر نے دلائل پیش کئے۔

تحریری فیصلہ میں لکھا گیا کہ عدالت یوٹیوبر عروب جتوئی کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کرتی ہے، ملزمہ کی 1 لاکھ مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

عدالت نے تحریری فیصلہ میں لکھا عروب جتوئی کا نام پہلے ایف آئی آر میں نہیں تھا، ملزم سعد الرحمان کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد مقدمے میں شامل کیا،این سی سی آئی اے کے جانب سے عروب جتوئی کے خلاف کوئی ثبوت یا درخواست گزار کا مخصوص کردار سامنے نہیں لایا گیا، این سی سی آئی اے نے عروب جتوئی کے موبائل فون کا فرانزک تجزیہ نہیں کیا۔

فیصلہ میں بتایا گیا کہ شریک ملزم سعد الرحمٰن کو پہلے ہی لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت مل چکی، عدالت کے مطابق عروب جتوئی کا کردار اس سے بھی کم نوعیت کا ہے، این سی سی آئی اے عروب جتوئی کی جانب سے گیمبلنگ ایپس کی تشہیر کی کوئی ویڈیو بطور ثبوت پیش نہیں کر سکی، عروب جتوئی کے خلاف کسی شہری نے دھوکا دینے یا جوا کھیلنے پر اکسانے کی الزام نہیں لگایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں