امریکا اور 12 ممالک کا آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت برقرار رکھنے پر اتفاق
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا اور مشرقِ وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کی قیادت میں بحرین میں خطے کے اعلیٰ فوجی حکام کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں امریکا، سعودی عرب، قطر، عمان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ شرکا نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے اور خطے میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے موقع پر سینٹکام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکا علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے علاقائی شراکت داروں کے تعاون سے مشرقِ وسطیٰ میں دنیا کا جدید ترین اور مؤثر فضائی و میزائل دفاعی نظام چلا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کا انتظام ایران کے اختیار میں ہے، سینٹکام کے نہیں۔