سردار تنویر الیاس ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی، سابق وزیر صحت انصار ابدالی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے فیصلے کا استقبال کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد کشمیر میں اپنی سیاسی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا اعلان بھی کیا۔