آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں انتخابی مہم چلاؤں گا: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں انتخابی مہم چلاؤں گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری انوار الحق سمیت جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کے انتخابات اور انتخابی مہم کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام ان کے دل کے قریب ہیں اور وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ہر ضلع کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی اور انہوں نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران عوام سے رابطوں کا عمل مزید تیز کیا جائے اور پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور گھر گھر پہنچایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں