ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے چیئرمین سینیٹ تہران روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ایران روانہ ہو گئے۔

چیئرمین سینیٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی دعوت پر تہران کا دورہ کر رہے ہیں، ان کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود ہیں، چیئرمین سینیٹ نے ایرانی پارلیمان، حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران امریکہ مذاکرات کا اگلا دور شہید خامنہ ای کی آخری رسومات کے بعد ہوگا: دفتر خارجہ

بیان میں سید یوسف رضا گیلانی کے حوالے سے کہا گیا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا انتقال ایران، پاکستان اور پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم نقصان ہے، انہوں نے کہا کہ مرحوم غیر معمولی بصیرت، دانشمندی اور قائدانہ صلاحیتوں کے حامل رہنما تھے، پاکستان نے ان کی وفات سے ایک مخلص دوست کھو دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے مطابق مسلم دنیا نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی صورت میں ایک دور اندیش قائد کھو دیا ہے، جن کی خدمات اور قیادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ایرانی عوام کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات باہمی احترام، دوستی اور مشترکہ اسلامی اقدار پر استوار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں