پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے، الیکشن مؤخر کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے: شاہ غلام قادر

مظفرآباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ تمام امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے گئے ہیں، الیکشن مؤخر کرنے کے ہتھکنڈے کسی صورت قبول نہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے مسائل کا واحد حل بروقت، شفاف اور پرامن انتخابات ہیں۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی مسائل کسی اور کے کھاتے میں ڈالنے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے اور آٹے سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی اپنی اپنی آرا ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی فیصلہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کے ذریعے کرنا ہے۔

شاہ غلام قادر نے نیلم ویلی میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وادی نیلم ہمیشہ سے پرامن خطہ رہا ہے، تاہم انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں بری طرح ناکام رہی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نام پر پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے حملہ کیا، جبکہ واقعے کے فوری بعد جعلی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں۔

شاہ غلام قادر نے مزید الزام لگایا کہ باٹا کے مقام پر ان کے قافلے پر پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، اس واقعے میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کے ڈرائیور کے ملوث ہونے کی فوٹیج بھی ان کے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابی میدان ہار چکی ہے اور اب انتخابات ملتوی کرانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے، تاہم ان کی تمام کوششیں ناکام بنائی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد حکومت آزاد کشمیر اور چیف الیکشن کمشنر کی آئینی ذمہ داری ہے۔

شاہ غلام قادر نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اشتعال میں آنے کے بجائے انتخابی مہم پر توجہ دیں اور جماعت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ میاں نواز شریف، مریم نواز شریف اور دیگر مرکزی قائدین بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ اگر حکومت آزاد کشمیر تعاون مانگے گی تو مسلم لیگ (ن) ہر ممکن معاونت کرے گی، انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور آئندہ چند روز میں اسے عوام کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں