خطے میں پائیدار امن صرف بیرونی مداخلت کے بغیر ہی ممکن ہے، عباس عراقچی
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن صرف بیرونی مداخلت کے بغیر ہی ممکن ہے۔
ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے بحرین میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے عسکری اجلاس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی کمانڈ خطے میں سکیورٹی نہیں بدامنی لائی ہے، غیر ملکی طاقتیں خود اپنا تحفظ کرنے کے قابل نہیں۔
خیال رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کی قیادت میں بحرین میں خطے کے اعلیٰ فوجی حکام کا سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔