ای سی سی نے پاسکو کی مرحلہ وار بندش سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں متعدد اہم اقتصادی فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پاسکو کی مرحلہ وار بندش سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ 8 ہزار 198 میٹرک ٹن گندم شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کی اجازت دی گئی۔
ای سی سی نے پاسکو ملازمین کو معاوضوں اور ٹرمینل بینیفٹس کی ادائیگی کی سمری بھی منظور کر لی، جبکہ ملازمین کے لیے 4 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ روپے کے سیورنس پیکیج کی منظوری بھی دی گئی۔
.jpg)
اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی کے لیے پائیدار مالیاتی منصوبہ ازسرنو تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ آزاد مالیاتی ماہرین سے قابلِ عمل فنانشل پلان تیار کرایا جائے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں "جبری مشقت" کی تعریف شامل کرنے کی بھی منظوری دی، جو آئی ایل او کنونشن نمبر 29 کے مطابق ہوگی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ اس ترمیم سے پاکستان کے بین الاقوامی لیبر وعدوں پر عملدرآمد مزید مضبوط ہوگا اور تجارتی نظم و نسق کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔