مفتی محمد تقی عثمانی دوسری مرتبہ وفاق المدارس العربیہ کے صدر منتخب
کراچی: (دنیا نیوز) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کو بلامقابلہ دوسری مرتبہ صدر جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری کو مسلسل ساتویں بار بلامقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب کر لیا گیا۔
جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقدہ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے وفاق المدارس کے عہدیداران، مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کے ایک ہزار سے زائد ارکان، ممتاز علما کرام، شیوخ الحدیث، دینی و سماجی شخصیات اور مدارس کے مہتممین نے شرکت کی۔
انتخابی اجلاس کے دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے صدر کے لیے مولانا مفتی محمد تقی عثمانی اور ناظمِ اعلیٰ کے لیے مولانا محمد حنیف جالندھری کے نام پیش کیے، جنہیں شرکا نے متفقہ طور پر آئندہ پانچ سال کے لیے بلامقابلہ منتخب کر لیا۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جاری کردہ بیان کے مطابق یکم جولائی کو مجلس عاملہ کا اجلاس جبکہ 2 جولائی کو مجلس عاملہ، مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کا مشترکہ انتخابی اجلاس منعقد ہوا، جس کے لیے قیام، طعام اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
بیان کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس شوریٰ 358 جبکہ مجلس عمومی 1623 ارکان پر مشتمل ہے، جو ملک بھر کے ہزاروں دینی مدارس کی نمائندہ تنظیم ہے۔