پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی مثالی، اعتدال پسند معاشرہ حکومت کا وژن ہے: طاہر اشرفی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی پیغام امن کمیٹی کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے، پاکستان کو اعتدال پسند معاشرے کی جانب لے جانا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا وژن ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علما کرام ملک کے امن و استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور یوم عاشور کے موقع پر تمام مکاتب فکر نے اتحاد، یکجہتی اور برداشت کی مثالی فضا قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی نے ستمبر سے اب تک پیش آنے والے تمام معاملات پر متفقہ بیانیہ دیا، جسے ملک بھر کی مساجد کے خطبات میں بھی بیان کیا گیا۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ گزشتہ روز قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، جس کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 15 بڑے مدارس میں سے 11 کے نمائندگان کمیٹی میں شامل ہیں جبکہ 22 ہزار مدارس ان علما سے منسلک ہیں اور 12 ہزار مدارس کے ذمہ داران بھی اس پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جامعہ اشرفیہ کی طرز پر ملک بھر کی مساجد میں ایسے اجتماعات منعقد ہوں، جہاں مختلف مکاتب فکر اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد باہمی احترام اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور امت کو جوڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ملک کا قانون، ضابطہ اخلاق اور پیغام پاکستان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جو بھی فساد پھیلانے یا فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مکتب فکر سے ہو، پاکستان تمام شہریوں کا ملک ہے اور کسی بھی غیر مسلم کی عبادت گاہ پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بھارت کے پروپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکھ عبادت گاہیں سکھ برادری کی ملکیت ہیں اور تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد دوبارہ ان کا دورہ کیا جائے گا۔