پی آئی اے کا لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز

پی آئی اے کا لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز

لاہور(بزنس ڈیسک)پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے )نے لاہور سے مانچسٹر کیلئے اپنی پہلی براہِ راست (نان اسٹاپ)پرواز کا آغاز کر دیا ہے۔

 پرواز PK709 گزشتہ روز لاہور سے روانہ ہوئی جس کے ساتھ دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔اس موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر ایک سادہ مگر باوقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی یادگار حیثیت کو اجاگر کرنے کے لیے کیک کاٹا گیا جبکہ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے روانگی سے قبل مسافروں کو الوداع کیا۔مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ افتتاحی پرواز میں 325 مسافر سوار تھے۔

اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کے لیے پہلی براہِ راست پرواز گزشتہ شب روانہ ہوئی تھی۔ اس موقع پر پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے حکام نے پرواز کو رخصت کیا۔ لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کے آغاز کو دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولیات میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے ۔اس نئی سروس کے آغاز کے بعد پی آئی اے اب پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان مجموعی طور پر ہفتہ وار پانچ پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔ ان میں سے چار ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد سے جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے چلائی جائے گی۔ اس توسیع سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو مزید سفری سہولتیں اور بہتر سفری انتخاب میسر آئیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں