اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،82ارب خسارہ
718.25پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 171021.20 پر بند ہوا کاروباری حجم 10فیصد زائد رہا ،57کروڑ 99 لاکھ حصص کے سودے طے
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران کشیدگی، آبنائے ہرمز کی بندش اور خام تیل کی قیمت 100ڈالر کی سطح تک پہنچنے کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے ۔مندی کے سبب 55فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 82ارب 24کروڑ روپے ڈوب گئے ۔ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 979پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 72ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی لیکن اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ اور حصص کی آف لوڈنگ سے مذکورہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ مندی کے گرداب میں چلی گئی جس سے ایک موقع پر 2226پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 718.25پوائنٹس کی کمی سے 171021.20پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 264.77پوائنٹس کی کمی سے 50951.99پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 422.85پوائنٹس کی کمی سے 103836.39پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 756.80 پوائنٹس کی کمی سے 240633.87پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کاروباری حجم 10.43فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 57کروڑ 99 لاکھ 44ہزار 661 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر492 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments