دھابیجی زون کیلئے ٹیکس فری پیکیج دیا جا رہا ،سیدقاسم نوید قمر
حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے
کراچی (بزنس رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سیدقاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں صنعتکاری، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کیلئے متعدد بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے جن میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو ٹیکس فری پیکیج، سستی بجلی کی فراہمی، نئے صنعتی یونٹس کیلئے گرانٹس، ون ونڈو آپریشن اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے قیام کی مخالف ہے کیونکہ موجودہ انتظامی نظام زیادہ مؤثر اور بہتر ہے ۔ فیڈرل بی ایریا ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی)میں خطاب کرتے ہوئے قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون میں قائم ہونے والی صنعتوں کو ٹیکس فری پیکیج دیا جا رہا ہے۔
جبکہ صنعتی مشینری کی درآمد پر بھی ڈیوٹی وصول نہیں کی جا رہی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ فنڈ نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو تمام سرکاری سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نگرانی میں کاروباری برادری کے تحفظ اور مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جبکہ ہاکس بے میں چھ ایکڑ پر محیط جدید ہیچری منصوبہ آئندہ ستمبر میں فعال کر دیا جائے گا۔انکا کہنا تھا کہ سندھ بھر سے 800 نوجوانوں کو مختلف زبانوں میں نصاب تیار کرنے کی تربیت دے کر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے جہاں پر انکی تنخواہ کم از کم 75 ہزار روپے ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments