ٹرانسپورٹرز ہڑتال، برآمدی سپلائی چین کو سنگین خطرات لاحق
نقل و حمل میں تعطل سے برآمدی مسابقت متاثر ہو گی،ہوزری مینوفیکچررز
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اشیاء کی نقل و حمل میں مسلسل تعطل کے باعث برآمد کنندگان کو شدید مشکلات کاسامنا ہے جبکہ پاکستان کی برآمدی سپلائی چین بھی سنگین خطرات سے دوچار ہو رہی ہے ۔پی ایچ ایم اے ساؤتھ کے چیئرمین فیصل ارشد شیخ نے کہا ہے کہ برآمدی مال کی بلا تعطل نقل و حرکت پاکستان کی بین الاقوامی تجارت، بالخصوص ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کیلئے نہایت اہم ہے ۔ برآمدی کھیپ کی روانگی مقررہ بحری جہازوں کے شیڈول، ٹرمینلز کے مقررہ کٹ آف اوقات اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ طے شدہ سخت ترسیلی وعدوں سے منسلک ہوتی ہے چنانچہ نقل و حمل میں کسی بھی قسم کا تعطل نہ صرف بھاری مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی میں پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے جولائی 2026ء کے ماہانہ خلاصے کے مطابق پاکستان کی برآمدات 817.246 ارب روپے رہیں جو 31 دنوں کے حساب سے تقریباً 26.36 ارب روپے یومیہ بنتی ہیں۔فیصل ارشد شیخ نے کہا کہ اس تناظر میں نقل و حمل کے نظام میں مختصر مدت کا تعطل بھی ملک کی برآمدی آمدنی اور زرمبادلہ کی آمد پر نمایاں منفی اثر ڈال سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے اثرات صرف تیار شدہ برآمدی مصنوعات کی نقل و حرکت تک محدود نہیں ہیں، اگر نقل و حمل میں تعطل جاری رہا تو خام مال اور پیداواری ضروریات کی فراہمی بھی متاثر ہو سکتی ہے جس کے نتیجے میں فیکٹریوں کی سطح پر پیداوار میں رکاوٹ اور برآمدی کھیپ کی ترسیل میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments