پہلی بارملکی قرضوں کابوجھ 83ہزار 383 ارب سے متجاوز
ایک سال میں 6.6فیصد یعنی 5ہزار ارب سے زائد کااضافہ ہوا،اسٹیٹ بینک مقامی قرض 4ہزار ارب روپے بڑھا، جون کی نسبت جولائی میں 0.3فیصد کمی
کراچی(رپورٹ محمد حمزہ گیلانی)پاکستان کے قرضوں کا پہاڑ مزید بلند ہوگیا، ملکی مجموعی قرضوں کا حجم پہلی بار 83 ہزار 383 ارب روپے سے تجاوز کرگیااسٹیٹ بینک کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2026ء میں مجموعی قرضوں میں ایک سال کے دوران 6.6 فیصد یعنی 5 ہزار ارب سے زائد کا اضافہ ہوا۔ جولائی 2025ء میں ملکی مجموعی قرضوں کا حجم 78 ہزار 238 ارب روپے تھا جو جولائی 2026ء تک بڑھ کر 83 ہزار 383 ارب ہوگیا۔ تاہم جون 2026ء کے مقابلے میں جولائی میں مجموعی قرضوں میں0.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق حکومت کا مقامی قرض ایک سال کے دوران 54 ہزار 988 ارب سے بڑھ کر 59 ہزار 274 ارب روپے ہوگیا، یوں صرف ایک سال میں مقامی قرض میں 4 ہزار ارب سے زائد کا اضافہ ہوا۔ جون 2026ء کے مقابلے میں جولائی میں حکومتی مقامی قرض میں بھی 0.3 فیصد کمی ہوئی۔ دوسری جانب پاکستان کا بیرونی قرض بھی مسلسل بڑھتا رہاجولائی 2026ء میں ایک سال میں 850 ارب سے بڑھ کر 24 ہزار 109 ارب روپے ہوگیاجو جولائی 2025ء میں 23 ہزار 250 ارب روپے تھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرونی قرض میں سالانہ بنیاد پر 3.6 فیصد اضافہ جبکہ ماہانہ بنیاد پر 0.4 فیصد کمی ہوئی۔ پاکستان کی مالی مشکلات کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ قرض، سود اور سرکاری ضمانتوں کی مجموعی رقم پہلی بار 99 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments