یوم دفاع و شہدا ہمیں مسلح افواج اور قوم کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جو ہمیں وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور قوم کے بے مثال عزم، اتحاد اور عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

یومِ دفاع و شہدا 6 ستمبر 2026ء کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو دشمن کی بلااشتعال جارحیت اور عددی برتری کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری سے اُسے ہر محاذ پر ذلت آمیز اور فیصلہ کن شکست سے دوچار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یومِ دفاع کے موقع پر میں پوری قوم کی جانب سے اپنی مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ 1965ء کی جنگ میں ہماری مسلح افواج نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور شجاعت کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستانی قوم نے مثالی اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کا ثبوت دیا، مسلح افواج اور قوم نے مل کر ہماری قومی تاریخ میں قابلِ رشک اور لازوال میراث رقم کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ماضی میں بہادری کی تابناک روایت کو برقرار رکھتے ہوئے معرکۂ حق میں پاک افواج نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی کمال پیشہ ورانہ حکمت عملی سے اپنے ازلی دشمن کو ایسا جواب دیا جسے اُس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پوری قوم اپنی بہادر فوج، فضائیہ اور پاکستان نیوی پر فخر کرتی ہے، آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے ہماری عسکری تاریخ میں ایک اور سنہری باب رقم کیا، ہماری مسلح افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ 6 ستمبر کا جذبہ اور ولولہ آج بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ اور مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج درپیش چیلنجز ہم سے مزید قومی اتحاد اور یکجہتی کا تقاضا کرتے ہیں، ہمارا روایتی دشمن، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے سرگرم ہے، تاہم ان دشمن قوتوں کو مسلسل اور فیصلہ کن شکستوں کا سامنا ہے، ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والی دشمن قوتوں کی مذموم سازشوں کو بھی پوری قوت اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمارا سب سے بڑا چیلنج جہالت، غربت اور پسماندگی کا خاتمہ اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے وژن کے مطابق ڈھالنا ہے، ہماری حقیقی طاقت محض ہماری دفاعی صلاحیتوں میں نہیں بلکہ ایک متحد، پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط قوم میں بھی مضمر ہے، حکومت ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم اقدامات جاری رکھے گی، معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کوششیں بھی ترجیح رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کیلئے اپنا فعال اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے علمبردار کے طور پر ابھرا ہے اور اجتماعی امن اور علاقائی استحکام کیلئے مُوثر کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے اور اجتماعی دفاع، باہمی سلامتی اور برادر ممالک کے ساتھ پائیدار شراکت داری کیلئے ہمارے عزم کا عکاس ہے، پاکستان امن و سلامتی کے ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا، اور علاقائی چیلنجز کے حل کیلئے تعاون اور مکالمے کو ہی اولیت دی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں حقیقی اور دیرپا امن ممکن نہیں، قائداعظم ؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، مسئلہ کشمیر پر بھارت کا قابلِ مذمت طرزِ عمل اور مسلسل ہٹ دھرمی خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئیں، آج کے تاریخی دن ہم اس عزم کی تجدید کریں کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کو اپنی قومی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں گے، آئیں، ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے کام کریں۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ مضبوط دفاع پائیدار امن اور ترقی کی بنیاد ہے، پاکستان کی مسلح افواج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہیں، پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور خوشحالی سے نوازے اور ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...