اسلام آباد میں مین ہٹن طرز کا منصوبہ بنانے کا اعلان، سعودی سرمایہ کاروں کو دعوت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جدید طرز کے رہائشی اور تفریحی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔

سعودی ریئل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت منظوری اور دیگر امور ہفتوں یا مہینوں کے بجائے چند دنوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مین ہیٹن طرز کا منصوبہ تیار کرنے کا ارادہ ہے، جس میں مرکزی پارک کے گرد رہائشی اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ اسلام آباد کے سفاری پارک کو بھی بہتر بنانے کا منصوبہ ہے، جہاں جانوروں کی تعداد اور تفریحی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا، پاکستان میں تفریحی سرگرمیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

محسن نقوی نے بتایا کہ منصوبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے نیلامی کے عمل میں متعلقہ فریقوں کو شامل کیا جائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کار بھی پاکستان میں رہائشی اور تفریحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...