وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کی سالانہ مالی رپورٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے مالی سال 2024-25 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق وزارت بحری امور کے تین ادارے ملک کے 10 منافع بخش سرکاری اداروں میں شامل ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) منافع بخش سرکاری اداروں کی فہرست میں چھٹے، پورٹ قاسم اتھارٹی ساتویں جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) دسویں نمبر پر ہے، ان اداروں کی مالی کارکردگی کو بحری شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے بحری اداروں کی نمایاں مالی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مؤثر مالیاتی انتظام اور بہتر کارکردگی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحری اداروں کی یہ کامیابی ان کی انتظامیہ اور ملازمین کی مشترکہ محنت کی عکاسی کرتی ہے، مالیاتی نظم و ضبط اور انتظامی امور میں بہتری کے ذریعے اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق بحری اداروں کی مالی کارکردگی میں بہتری قومی معیشت کے لیے خوش آئند ہے، ان اداروں کی بہتر کارکردگی نہ صرف بحری شعبے کی ترقی بلکہ ملکی معیشت میں ان کے کردار کو مزید مستحکم کرنے میں بھی اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں سامنے آنے والی درجہ بندی کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن نے منافع بخش سرکاری اداروں میں جگہ بنا کر بحری شعبے میں اپنی مالی کارکردگی نمایاں کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments