گنا نہ خریدنے کی دھمکی بلیک میلنگ کے مترادف، کسان اتحاد

گنا نہ خریدنے کی دھمکی بلیک میلنگ کے مترادف، کسان اتحاد

حکومت چینی برآمد کی اجازت دینے کے بجائے مسائل حل کرے ، چیئرمین ملز مالکان کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات ادا نہیں کررہے ، خالد حسین

کراچی(کامرس رپورٹر)چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ ملک بھر کی کسان تنظیمیں چینی برآمد کی مخالفت کرتی ہیں، حکومت شوگر ملز مالکان کو مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کے بجائے کسانوں کے مسائل حل کرے ۔ خالد حسین باٹھ نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کا یہ مؤقف کہ چینی ایکسپورٹ کی اجازت نہ ملنے کی صورت وہ گنا نہیں خریدیں گے ، دراصل کسانوں اور حکومت دونوں کو بلیک میل کرنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی برآمد سے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کا براہِ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا اور مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا، چیئرمین کسان اتحاد نے الزام عائد کیا کہ شوگر ملز مالکان پہلے ہی کسانوں کے اربوں روپے کے واجبات ادا نہیں کر رہے ۔ کسانوں کے تقریباً 7 ارب روپے واجب الادا ہیں، جبکہ کسانوں سے من مانے نرخوں پر گنا خریدنے کے باوجود انہیں بروقت ادائیگیاں نہیں کی جاتیں۔ خالد حسین باٹھ نے دعویٰ کیا کہ کسانوں سے 320 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدا جاتا ہے جبکہ حکومت کو اس کی قیمت 400 روپے فی من ظاہر کی جاتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی خریداری اور ادائیگی کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ کسانوں کا استحصال روکا جاسکے ۔ چیئرمین کسان اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو انکی محنت کا مناسب معاوضہ دینے کیلئے گنے کا سرکاری ریٹ 700 روپے فی من مقرر کیا جائے ۔ شوگر ملز مالکان کے دباؤ میں آنے کے بجائے کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...