وزیر خزانہ سے این بی پی صدر عمران سرور کی ملاقات
خواتین کی مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ایس ایم ایز کی معاونت پر بریفنگ
کراچی(بزنس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کے ہیڈ آفس کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر عمران سرور سے ملاقات کی،اس موقع پر نیشنل بینک کے چیئرمین نوید اے خان بھی موجود تھے ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے عمران سرور کو نیشنل بینک کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نیشنل بینک سے متعلق امور کے ساتھ مالیاتی شعبے سے متعلق وسیع تر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نیشنل بینک عمران سرور نے وفاقی وزیر خزانہ کو نیشنل بینک کے مختلف اقدامات اور کارکردگی سے آگاہ کیا جن میں خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی سرگرمیوں میں ان کی شرکت و معاونت، ڈیجیٹل تبدیلی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی معاونت کے لیے بینک کی کوششیں شامل ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ کو صارفین کو بہتر خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے نیشنل بینک کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملکی مالیاتی اور معاشی ترجیحات کے حصول میں بینکاری شعبے کے کردار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments