آفیشل لیکویڈیٹرز، دیوالیہ پن ماہرین کیلئے نیا فریم ورک تجویز

 آفیشل لیکویڈیٹرز، دیوالیہ پن ماہرین کیلئے نیا فریم ورک تجویز

آئی ایف ایم پی سے پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن حاصل کرنا ہوگا ،ایس ای سی پی

کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے آفیشل لیکویڈیٹرز، عبوری منتظمین اور دیوالیہ پن کے ماہرین کی پیشہ ورانہ اہلیت بہتر بنانے کیلئے نیا فریم ورک تجویز کردیا۔ ایس ای سی پی کے مطابق مجوزہ فریم ورک سے کمپنیوں کی تحلیل، مالی مشکلات سے دوچار کاروباری اداروں کی بحالی اور دیوالیہ پن کے معاملات سے نمٹنے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جاسکے گا۔ایس ای سی پی کے مطابق اقدامات کا مقصد لیکویڈیشن اور کاروباری بحالی کے عمل میں شفافیت بڑھانا اور قرض خواہوں کے مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنانا ہے ۔ مجوزہ فریم ورک کے تحت آفیشل لیکویڈیٹرز اور دیوالیہ پن کے ماہرین کے پینل میں شمولیت کیلئے پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ایس ای سی پی نے تجویز کیا ہے کہ متعلقہ ماہرین کو آئی ایف ایم پی سے پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن حاصل کرنا ہوگا۔تین مراحل پر مشتمل سرٹیفکیشن پروگرام میں تحریری اور زبانی امتحانات شامل ہوں گے ، جس کے ذریعے ماہرین کی پیشہ ورانہ قابلیت اور متعلقہ شعبے میں مہارت کا جائزہ لیا جائے گا۔مجوزہ فریم ورک میں آفیشل لیکویڈیٹرز اور عبوری منتظمین کیلئے ضابطئہ اخلاق بھی شامل کیا گیا ہے ۔ ایس ای سی پی کے مطابق پیشہ ورانہ اہلیت، ضابطئہ اخلاق اور نگرانی کے مؤثر نظام سے کمپنیوں کی تحلیل اور مالی مشکلات کا شکار کاروباری اداروں کی بحالی کے عمل میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...