توانائی کے درآمدی بل میں سالانہ 9فیصد اضافہ ریکارڈ
جولائی تا ستمبر 3ارب 90کروڑ ڈالر کی توانائی درآمدکی گئی ،اسٹیٹ بینک
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران توانائی کے درآمدی بل میں سالانہ بنیاد پر 9فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا ستمبر 2026ء پاکستان نے مجموعی طور پر 3ارب 90 کروڑ ڈالر کی توانائی درآمدات کیں جبکہ صرف ستمبر 2026ء میں توانائی درآمدات کا حجم 1ارب 40کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیاجو گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 30فیصد زیادہ ہے ۔مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران خام تیل کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا اور خام تیل کی درآمدات سالانہ بنیاد پر 53فیصد بڑھ گئیں۔ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا ستمبر 2026ء ایل این جی کی درآمدات میں بھی سالانہ بنیاد پر 39 فیصد کمی ہوئی، تاہم ایل پی جی کی درآمدات میں 30فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق توانائی کی مختلف اقسام کی درآمدات میں اتار چڑھاؤ کے باوجود خام تیل اور ایل پی جی کی درآمدات میں اضافے کے باعث پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی توانائی درآمدی بل میں 9فیصد اضافہ ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments