گنے کی قیمت 650 روپے من مقرر کرنے کا مطالبہ
کرشنگ میں تاخیر سے گنے کے وزن،گندم کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ وزیراعلیٰ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں،آبادگار اتحاد
کراچی(بزنس رپورٹر)سندھ آبادگار اتحاد اور کسان اتحاد نے حکومت سے گنے کی قیمت فوری طور پر 650 روپے فی من مقرر کرکے نوٹیفکیشن جاری کرنے اور شوگر ملز کا کرشنگ سیزن فوری شروع کرانے کا مطالبہ کردیا۔ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ آبادگار اتحاد کے صدر نواب زبیر تالپور اور کسان اتحاد کے صدر خالد حسین باٹھ نے کہا کہ حکومت نے تاحال نہ گنے کی نئی قیمت کا اعلان کیا اور نہ ہی کرشنگ سیزن شروع کرنے کی تاریخ مقرر کی جسکے باعث آبادگار شدید معاشی مشکلات اور تشویش کا شکار ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان گنے کی قیمت صرف 400 روپے فی من مقرر کرنا چاہتے ہیں جو کاشتکاروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
گزشتہ چار سال کے دوران ڈیزل، کھاد، ڈی اے پی، زرعی ادویات اور دیگر زرعی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے جبکہ زرعی پانی کی قلت نے بھی آبادگاروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک میں 10 لاکھ ٹن چینی موجود ہے تو اسے برآمد کیوں نہیں کیا جارہا ، زبیر تالپور کا کہنا تھا کہ ہر سال کرشنگ سیزن کے آغاز پر شوگر ملز مالکان کی جانب سے ایسے مسائل پیدا کیے جاتے ہیں، گندم کی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کرنے کے اعلان کے باوجود کاشتکاروں کو ریلیف نہیں مل رہا، جبکہ عوام 190 روپے فی کلو آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments