ہیلتھ کارڈز رواں سال ہر خاندان کو مل جائیگا:آشفہ ریاض
صوبائی وزیروومن ڈویلپمنٹ کا دورہ ،محکمانہ سروسز کا خود جائزہ لینے کا اعلان
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی طرف سے خصوصی ذمہ داریاں ملنے پر صوبائی وزیروومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے گزشتہ روز جھنگ کا دورہ کیا اور مصروف دن گزارا۔ صوبائی وزیرنے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، ڈی پی او سرفراز ورک ، ای ڈی سی ریونیو شاہد عباس جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل اور اے ڈی سی شاہد عباس جوئیہ نے صوبائی وزیر کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی و ستھرائی، شجر کاری مہم، کورونا صورتحال ، تجاوزات، پرائس کنٹرول میکنیزم پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر آشفہ ریاض فتیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوحقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی فرنٹ لائن پالیسی کا حصہ ہے ،ہیلتھ کارڈز اس سال کے آخر تک ہر خاندان کو مل جائیگا،عوامی شکایات کے حوالہ سے محکمانہ سروسز کی کارکردگی کا خود جائزہ لوں گی اور ضلع کا سرپرائز وزٹ کرکے عوامی ریلیف کے بارے میں معلومات حاصل کروں گی ۔لائیو سٹاک پروڈیوسنگ ضلع جھنگ کو مزید سہولیات فراہم کریں گے ، ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں بارے چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے ،اسسٹنٹ کمشنر ز آن سپاٹ قیمتوں کے تعین بارے بولیوں کا معائنہ کریں، شہر کے سیوریج سسٹم کی بہتری کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ صفائی و ستھرائی کو بہتر بنانے کیلئے ہمیں بھی تبدیل ہونا پڑے گا۔