کارپوریشن کا آڈٹ ، کروڑوں کی بے ضابطگیاں

کارپوریشن کا آڈٹ ، کروڑوں کی بے ضابطگیاں

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہرسے )میونسپل کارپوریشن کی آڈٹ رپورٹ میں بڑی بے ضابطگیاں سامنے آگئیں ۔سڑکوں کی بحالی لینڈ الاٹمنٹ سپورٹس سکیموں سمیت دیگر کئی کاموں میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں ہوئیں۔۔۔

 میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آڈٹ رپورٹ کے اعتراضات کے جوابات جمع نہ کروائے جاسکے ۔کارپوریشن کی جانب سے سال 2023-24 کے دوران کروڑوں کی مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آگیا کارپوریشن نے کمرشل اراضی سے 15 کروڑ کی ریکوری کرکے سرکاری خزانے میں جمع نہ کروائی ذرائع کے مطابق ریکوری کے ذمہ دار افسروں و ملازمین نذرانے وصول کرکے نادہندگان کو ڈھیل دے دیتے ہیں اور ان کے خلاف عدم ادائیگی کی کارروائیاں نہیں کی جاتیں جس سے ریکوری کی رقوم سرکاری خزانے میں جمع نہیں ہوتیں کارپوریشن کی جانب سے سڑکوں کی بحالی مد میں 1 کروڑ 46لاکھ کی ریکوری بھی نہیں کی گئی ہائوس رینٹ اور زائد ادائیگیوں کی مد میں بھی 5 کروڑ کی رقم جمع کرکے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروائی جاسکی سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے خزانے کو 15 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا کارپوریشن کی جانب سے مشینری خریداری کی مد میں 2 کروڑ سے زائد کا گھپلا کیا گیا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے غیر قانونی الاٹمنٹ سے خزانے کو 8 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا کھیلوں کی سرگرمیوں کی مد میں 2کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں کی گئیں بینرز اور پینا فلیکسز سمیت تشہیر کی مد میں 3 کروڑ سے زائد کی بے ضابطگیاں ہوئیں اور رسیدیں فراہم نہیں کی جاسکیں کارپوریشن کی جانب سے لیز پر دی جانے والی اراضی سے 2 کروڑ سے زائد کی ریکوری نہیں کروائی جاسکی ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے کیے گئے آڈٹ میں کارپوریشن کی رپورٹ میں اعتراضات لگائے گئے جس پر تاحال کارپوریشن نے اعتراضات کے جواب جمع نہیں کروائے معاملے سے متعلق موقف کے لیے چیف افسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اعتراضات کے جواب تیار کرلیے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں