ٹھیکے پر دی جانیوالی پرائیویٹ ٹرینوں میں مسافروں سے ٹکٹنگ سسٹم کی خرابی کے نام پر لوٹ مار

ٹھیکے  پر دی  جانیوالی پرائیویٹ  ٹرینوں  میں  مسافروں  سے  ٹکٹنگ  سسٹم  کی  خرابی  کے  نام  پر  لوٹ  مار

فیصل آباد(بلال احمد سے )محکمہ ریلوے کی جانب سے ٹھیکے پر دی جانے والی پرائیویٹ ٹرینوں میں مسافروں سے ٹکٹنگ سسٹم کی خرابی کے نام پر لوٹ مار کی جانے لگی۔

 ایک ہی روٹ پر آنے اور جانے کے دو مختلف کرائے وصول کرنے کی شکایات عام ہوگئیں۔ ریلوے حکام کے ٹھیکوں کا شہریوں نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ٹھیکے پر دی گئی ٹرینوں میں استعمال ہونے والا ایندھن، ڈرائیور، سکیورٹی عملہ محکمہ ریلوے کی جانب سے فراہم کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ ٹرین کی مرمت، واشنگ سمیت دیگر ضروری کام بھی ریلوے حکام کے ذمہ ہیں۔ ٹھیکہ حاصل کرنے والوں کی جانب سے صرف فی بوگی ریلوے کو ٹکٹ کے پیسے ادا کیے جاتے ہیں ۔ چند روز قبل فیصل آباد سے فاروق آباد بدر ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافر نے روانگی کے وقت 360 روپے فی مسافر کے حساب سے ٹکٹ خریدا تاہم اگلے روز واپسی کے لیے سٹیشن پر پہنچنے پر انہیں آن لائن سسٹم خراب ہونے کا کہا گیا اور ٹکٹ دوران سفر ٹرین میں ہی ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ تاہم مسافر کو ملنے والی ٹکٹ 493 روپے فی شخص کے حساب سے جاری کردی گئی جبکہ ٹکٹنگ عملے نے جرمانہ بھی شامل کردیا۔ شکایت کی گئی تو ٹکٹ کلکٹر کا کہنا تھا سافٹ ویئر میں مسائل اور چھوٹے سٹیشن کے باعث ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔ دوران سفر مشکلات اور ان کا ازالہ نہ ہونے پر مسافر بھی ریلوے حکام کے خلاف پھٹ پڑے ۔اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر ریلوے طارق عزیز کا کہنا تھا چھان بین کی جا رہی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں