باردانہ تقسیم نہ گندم خریداری میں دلچسپی، کاشتکار پریشان

 باردانہ تقسیم نہ گندم خریداری میں دلچسپی، کاشتکار پریشان

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک اور حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کو نظر انداز کرنے اور مسائل کی دلدل میں پھنسانے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ گندم خریداری مہم کو مزید تاخیر اور تعطل کاشکار بناتے ہوئے نوالا بھی چھینا جانے لگا ۔

محکمہ خوراک حکام کی مبینہ غفلت پر کاشتکار بدحالی کا شکار بنتے ہوئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگئے ۔ تاحال نہ تو باردانے کی تقسیم کا عمل شروع کیا گیا اور نہ ہی سرکاری سطح پر گندم خریداری میں کوئی سنجیدہ رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ جس کا فائدہ براہ راست اوپن مارکیٹوں میں کام کرنے والے گندم کے پرائیویٹ ڈیلرز اور ذخیرہ اندوز اٹھاتے ہوئے گندم کے کاشتکاروں کو اپنا شکار بنانے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں کاشتکاروں کا بُری طرح استحصال کیا جانے لگا ہے ۔ گندم کے کاشتکاروں کو نقصان اور خسارے پردن میں ہی تارے دکھائے جانے لگے ہیں۔باردانہ اجراء کی تاریخ 25 اپریل مقرر کی گئی لیکن تاحال جاری نہ ہوسکا۔ محکمہ کی جانب سے گندم خریداری نہ کرنے کیلئے جان بوجھ کر وقت گزارنے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے محکمہ خوراک آئندہ وسیع پیمانے پر گندم نہیں خریدے گا بلکہ صرف فوڈ سکیورٹی کے مطابق گندم خرید کر محفوظ رکھی جائے گی جبکہ افسروں و ملازمین سے انفورسمنٹ اینڈ ٹاسک فورس کے طور پر کام لیا جائے گا۔ ضلع بھر میں گندم، چاول، چینی، گھی، دالوں سمیت دیگر اشیاء خورونوش کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے کنٹرول کیلئے کارروائیاں کی جائینگی لیکن تاحال یہ تمام تر انکشافات صرف ہوائی اور مفروضے ہیں ابھی تک کوئی محکمانہ اقدامات سامنے نہیں آرہے ۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران ساہی کاکہناہے کہ گندم خریداری بارے مرکزی حکام جو بھی احکامات جاری کریں گے اس کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں