برائلرگوشت نرخوں میں300سے زائد کی حیران کن کمی

 برائلرگوشت نرخوں میں300سے زائد کی حیران کن کمی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مرغی کے گوشت کی قیمت میں دو ہفتوں کے دوران 300 روپے سے زائد کی حیران کن کمی۔۔

، پولٹری ایسوسی ایشن نے صورتحال کو پریشان کن قرار دیدیا۔22 اپریل کو فیصل آباد میں برائلرگوشت کی سرکاری قیمت 699 روپے کلو ریکارڈ کی گئی جبکہ اس دوران مارکیٹ میں 730 سے 750 روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا۔ تاہم دو ہفتوں کے دوران ہی قیمت میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی جسکے بعد چکن کی سرکاری قیمت 401 روپے کلو کی سطح پر آگئی۔ جس پر مارکیٹ میں ہلچل پائی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مقامی سطح پر چوزے کی قیمت میں اضافے کے بعد پولٹری فارمرز کی بڑی تعداد نے چوزہ ایکسپورٹ کرنے کے بجائے ملکی سطح پر ہی فروخت کرنا شروع کردیا جس پر برائلر مرغی کی تعداد میں یکدم بڑا اضافہ ہوگیا ،گرمی بڑھنے پر گوشت کا استعمال بھی کم ہوگیا۔ ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر مرغی میں بیماری سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کا بھی اثر ہوا ہے جس نے مارکیٹ کو بڑا دھچکا لگا دیا ۔ قیمت میں کمی کے باوجود دکانوں پر رش نہ ہونے کے برابر ہے ۔موسم میں تبدیلی پرشادی تقریبات بھی برائے نام ہورہی ہیں جس سے گوشت کی فروخت کا ایک اور بڑا ذریعہ عارضی طور پر بند ہو گیا ہے ۔ پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد کا کہنا ہے کہ پولٹری پر آنے والا بحران پریشان کن ہے ۔ مالکان کو فی شیڈ ڈیڑھ کروڑ تک نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے مزید پولٹری فارمز بند ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گوشت کی قیمت میں توازن پیدا کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں