ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ، اہم فیصلے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمشنر/چیئرپرسن سلوت سعید کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کھیلوں کے صوبائی مقابلہ میں ہائر ایجوکیشن فیصل آباد نے 1200 پوائنٹس حاصل کرکے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی،اسی طرح انٹرمیڈیٹ فرسٹ سالانہ امتحان میں ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد71 فیصد کامیاب نتائج کے ساتھ صوبہ بھر کے بورڈز میں ٹاپ پر رہا ۔کمشنر/چیئرپرسن نے نمایاں کامیابی پر مبارکباددی اور کہا کہ جیت کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے ۔کمشنر نے بوائز اور گرلز کالجز کے دورے کرکے تدریسی وانتظامی امور چیک کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے 193ویں اجلاس کے منٹس کی کنفرمیشن کی گئی ،بورڈاجلاس میں چیئرپرسن کی ہدایات کے مطابق سال 2024.25 کے لئے انویسمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی تصدیق کی گئی۔فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈہاک ریلیف الائونس2024 اور بورڈ ملازمین کی پینشن میں اضافہ کی منظوری دی گئی۔بورڈ آف ایجوکیشن کیلئے خریدی گئی نئی گاڑیوں کی متعلقہ افسران کو دینے کی منظوری ہوئی۔چیئرپرسن نے کہا کہ وہیکلز کی خریداری سے آئندہ 15 سے 20 سال تک کی ضروریات پوری ہونگی،دوران سروس انتقال کرنے والے ملازم کی فیملی کی مالی امداد کا کیس منظورہوا۔چیئرپرسن نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے 17 اے رولز کے تحت بھرتی ختم کردی ہے ، متعلقہ آسامیوں پر مہارت یافتہ ملازمین کی بھرتیوں سے کارکردگی کا گراف بلند ہوگا اجلاس نے رواں سال دسمبر میں ریٹائر ہونے والے سپرنٹنڈنٹ کی پینشن،گریجوایٹی اور دیگر واجبات کی ادائیگی کا کیس منظورکیا،اسی طرح ایل پی آر پر جانے والے سپرنٹنڈنٹ کاکیس ایڈمن برانچ سے چیک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔